محتشم احتشام
پونچھ//شری کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک شاندار بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس اہم تقریب کا انعقاد کالج کے شعبہ تاریخ اور اینٹی ڈرگ ابیوز کمیٹی نے ضلع پولیس پونچھ کے اشتراک سے کیا۔پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ اور معاشرے کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا تھا، جس میں جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کی صدارت کالج کے نائب پرنسپل ڈاکٹر اسد اللہ خان نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی اور کلیدی مقرر اظہر امین تھے۔اپنے خطاب میں ڈی وائی ایس پی اظہر امین نے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رجحان معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں کو اپنائیں اور اپنے ساتھیوں میں بھی شعور بیدار کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس محکمہ منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔صدارتی خطاب میں نائب پرنسپل ڈاکٹر اسد اللہ خان نے کہا کہ منشیات نہ صرف فرد بلکہ خاندان اور پورے معاشرے کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ دانشمندانہ فیصلے کریں اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے نوجوانوں کی صحیح رہنمائی اور شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور کالج مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا۔تقریب میں پروفیسر بشارت حسین، ڈاکٹر نواز حسین، ڈاکٹر محمد اکرم، پروفیسر وسیم حسین، پروفیسر رزاق حسین، ڈاکٹر وسیم الحق، ڈاکٹر حسیہ، ڈاکٹر خطیبہ، ڈاکٹر مسرت، ڈاکٹر سونیکا، ڈاکٹر اعجاز حسین اور ڈاکٹر میر ظہور سمیت اساتذہ، این سی سی رضاکاروں، طلبہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت شعبہ تاریخ کے ڈاکٹر سرفراز میر نے انجام دی، جبکہ اختتام پر فلسفہ شعبہ کے پروفیسر یوگیش کمار نے شکریہ ادا کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ اور نائب پرنسپل ڈاکٹر اسد اللہ خان سمیت تمام منتظمین اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔