پونچھ// ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے اگرچہ کرونا لاک ڈاون کو اب مکمل طور پر ختم کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود پونچھ کے قصبوں میں باہر سے آنے والے لوگوں کے اوپر پوری طرح نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کرونا کا پھیلاؤ نہ ہو۔ جمعہ کے روز کرونا وباء کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور پولیس کے باہمی اشتراک سے شہر میں داخل ہونے والے سبھی راستوں پر ناکے لگا کر سبھی آنے جانے والے مسافروں اور راہگیروں کے کرونا ٹیسٹ کرنے کے بعد ہی انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اْدھر مساجد کے باہر بھی کرونا کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا گیا تھا اور لوگوں کو سماجی دوری بنائے رکھنے ماسک پہنے اور بار بار ہاتھ دھونے کی تلقین کی جا رہی تھی۔ علمائے کرام نے بھی اپنے خطاب میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا وباء سے محفوظ رہنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کرونا ابھی ختم نہیں ہواہے اس لیے ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاط کریں۔ مقامی عوام نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی ستائش کی۔