محتشم احتشام
پونچھ//سڑک حادثات کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس پونچھ نے ایک مؤثر اور منظم کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نشے میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت چیکنگ مہم شروع کی۔ اس خصوصی مہم کی قیادت منظور کوہلی (ڈی ٹی آئی ٹریفک پولیس پونچھ) نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ محمد معروف (ایس او ٹریفک) بھی موجود تھے۔یہ کارروائی پونچھ شہر کے حساس اور مصروف مقام شیر کشمیر پل کے نزدیک انجام دی گئی، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں اور پیدل چلنے والے شہری آتے جاتے ہیں۔ مہم کے دوران ٹریفک پولیس نے جدید بریتھ اینالائزر مشینوں کے ذریعے ڈرائیوروں کی جانچ کی تاکہ نشے میں ڈرائیونگ کرنے والوں کی فوری نشاندہی کی جا سکے۔ٹریفک حکام کے مطابق نشے کی حالت میں گاڑی چلانا نہ صرف ڈرائیور کی اپنی جان کے لئے خطرہ ہے بلکہ دیگر راہگیروں اور مسافروں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ اسی پیش نظر یہ مہم شروع کی گئی تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کو روکا گیا، ڈرائیوروں کے کاغذات کی جانچ کی گئی اور شراب نوشی کے شبہے میں بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کیے گئے۔ نشے میں گاڑی چلاتے پائے جانے والے ڈرائیوروں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی گئی اور انہیں سختی سے وارننگ دی گئی کہ آئندہ ایسی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی ٹی آئی منظور کوہلی نے اس موقع پر کہا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد عوام کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے سے مکمل گریز کریں اور اپنی و دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔عوامی حلقوں نے ٹریفک پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مہمات سے پونچھ میں سڑک حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور قانون توڑنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔