پوچھ//نیشنل کانفرنس کی پونچھ اکائی کی طرف سے پارٹی کے ضلع دفتر پر ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے اعجاز احمد جان نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان اور لیڈران نے جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو بحال کرنے کی اپنی مانگ کو دہرایا۔اس موقعہ پر اعجاز احمد جان نے کہا کہ پارٹی قائد ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی قیادت میں ان کی پارٹی دفعہ 370اور 35اے کی بحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے وقت جو بڑے بڑے دعوی کئے گئے تھے ان کو پورا کرنے کے بجائے عوام کو مشکلات سے دوچار کیاجا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر ہی نہیں بلکہ موجودہ مرکزی سرکار کی وجہ سے پورے ملک کی عوام مشکلات سے دوچار ہے ۔ پارٹی لیڈران نے سرکار سے سوال کیا کہ کیا دفعہ تین سو ستر ہٹائے جانے کے بعد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے ، جیسا کہ مرکز نے دعوی کیا تھا؟ اس دوران نیشنل کانفرنس کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ دور دراز علاقہ جات کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی بات ہوئی ۔اجلاس میں ضلع صدر باغ حسین راٹھور، سردارہرچرن سنگھ خالصہ،حاجی محمد بشیر میر،عبدالرشید شاہپوری،نریندر سنگھ تلوار، عبدالاحد بٹ، عبدالاحد ، غلام محی الدین اورسراج دین کے علاوہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لیڈران موجود تھے۔