محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں منشیات کے خلاف سماجی عزم کو مضبوط کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود نے نشہ مْکت بھارت ابھیان کے تحت گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول، چنڈک میں رنگا رنگ ’نشہ مْکت کھیل میلہ‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور منشیات کے مضر اثرات کے خلاف بیداری پیدا کرنا تھا۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد شرکاء اور حاضرین نے اجتماعی طور پر منشیات سے پاک معاشرے کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر اشوک کمار شرما (ڈپٹی کمشنر پونچھ) نے سفید کبوتر فضا میں آزاد کر کے امن، اْمید اور منشیات کے خاتمے کے عزم کی علامتی شروعات کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کھیلوں کو سماجی برائیوں کے خلاف مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں۔ انہوں نے پیغام دیا ’زندگی کو ہاں، منشیات کو نہیں‘ اور نوجوانوں کو اپنے اپنے علاقوں میں تبدیلی کے سفیر بننے کی تلقین کی۔کھیل میلہ میں 150 سے زائد کھلاڑیوں نے والی بال، کبڈی، شاٹ پْٹ اور رسہ کشی سمیت مختلف مقابلوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ چنڈک اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام کی شرکت نے مقابلوں کو یادگار بنا دیا۔ضلع سماجی بہبود افسر خلیل اے بندی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے محکمہ کی اْن کاوشوں کو اجاگر کیا جو نوجوانوں کو بامقصد سرگرمیوں سے جوڑ کر منشیات کے خلاف مؤثر سدِباب پر مرکوز ہیں۔تقریب میں چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر، تحصیلدار حویلی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پونچھ، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چنڈک، سینئر پولیس افسران اور دیگر سول و انتظامی افسران نے شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت سینئر لیکچرر نزارت فرید خان نے انجام دی، جبکہ محکمہ سماجی بہبود اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے عملے نے باہمی تعاون سے انتظامات کو کامیابی سے پائیہ تکمیل تک پہنچایا۔اختتامی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، ریفریز کو اسناد دیں اور شرکاء میں اسناد و انعامات تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دونوں نے محکمہ سماجی بہبود کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوتے ہیں۔