محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں معراجْ النبیﷺ کا بابرکت اور روحانی موقع نہایت عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس مقدس شب کی مناسبت سے ضلع بھر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں محافلِ نور، شب بیداری، نعتیہ محافل، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں فرزندانِ توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔مرکزی عیدگاہ جامع مسجد پونچھ، جامع مسجد پونچھ، مسجدِ حیدری، امام بارگاہ عالیہ پونچھ سمیت دیگر اہم دینی مراکز میں رات گئے تک شب بیداری کا اہتمام رہا۔ علما و ذاکرین نے واقع معراج کی عظمت، فلسفہ عبادت، نماز کی اہمیت اور رسولِ اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر مدلل اور روح پرور بیانات پیش کئے، جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو ایمان و یقین کی روشنی سے منور کر دیا۔اسی طرح امام بارگاہ عالیہ منڈی، سرنکوٹ، مینڈھر اور ضلع کے دیگر دور دراز علاقوں میں بھی معراجْ النبیﷺ کی مناسبت سے خصوصی محافل منعقد کی گئیں۔
ان محافل میں تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، منقبت اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں نے یکساں طور پر ان روحانی مجالس میں شرکت کی، جس سے ایک پْرسکون اور ایمان افروز ماحول قائم رہا۔علما نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ واقع معراج امتِ مسلمہ کے لئے صبر، تقویٰ، عبادت اور اخلاقِ حسنہ کا عملی پیغام ہے، اور آج کے دور میں سیرتِ نبویﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے۔محافل کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، سرحدی علاقوں میں امن و بھائی چارے اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مجموعی طور پر سرحدی ضلع پونچھ میں معراجْ النبیﷺ کی تقریبات نہایت نظم و ضبط، روحانیت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں، جنہوں نے عوام کے ایمان کو تازگی اور دلوں کو نورِ محبتِ رسول ﷺسے منور کر دیا۔