محتشم احتشام
پونچھ//ضلع لیگل سروس اتھارٹی پونچھ نے جمو کشمیر پولیس کے اشتراک سے سرنکوٹ ٹاؤن میں نفاذِ قانون و آگاہی مہم کامیابی کے ساتھ منعقد کی۔ اس مہم کا مقصد عوام میں ٹریفک قوانین سے آگاہی، سڑک تحفظ کے شعور کو فروغ دینا اور قوانین کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانا تھا۔یہ پروگرام چیئرمین ڈی ایل ایس اے پونچھ، احسن ملک پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج، پونچھ کی مجموعی رہنمائی اور سیکرٹری ڈی ایل ایس اے پونچھ رفاقت حسین کی قریبی نگرانی میں منعقد ہوا۔ڈی ایل ایس اے کی نمائندگی ایڈووکیٹ سید وسیم الحق اسسٹنٹ لیگل ایڈ ڈیفنس کاؤنسل نے بطور ریسورس پرسن کی۔انہوں نے ڈرائیورز، موٹر سائیکل سواروں، دکانداروں اور راہگیروں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، تیز رفتاری اور نشہ آور حالت میں ڈرائیونگ سے اجتناب، اور پیدل چلنے والوں کے حقوق کے احترام کی اہمیت پر زور دیا، ساتھ ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قانونی نتائج سے بھی آگاہ کیا۔
مہم میں ایس ڈی پی او سرنکوٹ سریندر سنگھ، ایس ایچ او سرنکوٹ اعجاز وانی اور مقامی پولیس اہلکاروں نے بھرپور تعاون فراہم کیا، جس سے مؤثر نفاذ اور عوامی شمولیت کو یقینی بنایا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سید وسیم الحق نے کہا کہ آگاہی اور نفاذ کا امتزاج ہی سڑک حادثات میں کمی اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سرنکوٹ پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے ڈی ایل ایس اے پونچھ کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔عوام الناس نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور آئندہ ٹریفک قوانین کی پابندی کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ اس نوعیت کی آگاہی و نفاذی مہمات ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ قانونی شعور اور عوامی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔آخر میں ڈی ایل ایس اے پونچھ نے شہریوں کی فلاح، سلامتی اور قانونی بااختیاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔