محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے مختلف بالائی اور میدانی علاقوں میں ہو رہی شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے، تاہم ضلع پولیس پونچھ نے عوامی تحفظ اور سہولت کاری کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے اپنی خدمات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ برفباری کے سبب کئی شاہراہیں پھسلن کا شکار ہو گئیں، جس کے نتیجے میں مسافر گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنس گئیں اور متعدد افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران ضلع پولیس نے پیشگی حکمتِ عملی کے تحت برفباری سے متاثرہ اور خطرناک قرار دئیے گئے راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی۔ پولیس اہلکار مسلسل گشت میں مصروف رہے اور پھنسے ہوئے مسافروں، خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں عملی مدد فراہم کی۔ کئی مقامات پر پولیس نے مقامی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی بحال کرانے اور ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنایا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے نہ صرف گاڑیوں کو برف سے نکالنے میں مدد دی بلکہ ضرورت مند مسافروں کو ابتدائی طبی امداد، گرم اشیائے خورد و نوش اور رہنمائی بھی فراہم کی۔ شدید موسم کے باوجود پولیس فورس نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا، جسے شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ضلع پولیس پونچھ کے اعلیٰ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی انتباہات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں۔ حکام کے مطابق پولیس کی ٹیمیں مسلسل الرٹ ہیں اور موسم کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ضلع پولیس کی بروقت موجودگی اور عملی مدد نے ان کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے تاکہ برفباری کے دوران جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔