پونچھ//سناتن دھرم سبھا پونچھ کے صدر ستیش ساسن نے جنم اشٹمی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا جنم اشٹمی کے مقدس موقع پر پورے ملک کے عوام اور خاص طور پر پونچھ کی عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھگوان کرشن کی کہانیاں ہمیں سنجیدگی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کا ابدی پیغام دیتی ہیں جن کا ذکر اور وضاحت بھگود گیتا میں ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ پوری انسانیت کے لئے تحریک کا ایک وسیلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سال بھی ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کووڈ-19 جیسی عالمی وباء سے جوجھ رہی ہے اور اس کے خلاف انتھک جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جس کی وجہ سے ہم اپنے روایتی تہواروں کو اپنے گھروں پر منانے کے لئے مجبور ہیں۔انھوں نے کہا کہ سناتن دھرم سبھا پونچھ جو کہ ہر سال جنم اشٹمی پورے جوش وخروش اور پورے مذہبی عقیدت کے ساتھ مناتی آرہی ہے نے موجودہ حالات کے پیش نظر اس سال بھی سال گزشتہ کی طرح اعتدال پسندی، خاکساری اور معمول ڈھنگ سے اس تہوار کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تہوار اپنے گھروں کے قریب کے مندروں میں ہی منائیں اس کے ساتھ ساتھ تہوار مناتے ہوئے ماسک پہننے، دوگز کی دوری برقرار کھنے اور ذاتی طور پر صفائی ستھرائی رکھنے کے تحفظاتی پروٹوکولز (آداب) پر سختی سے عمل کریں۔