محتشم احتشام
پونچھ//ہاؤس کمیٹی برائے جل جیون مشن کے چیئرمین حسنین مسعودی نے ضلع پونچھ کے دو روزہ تفصیلی دورے کے بعد ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے دور دراز اور سرحدی علاقوں میں جاری منصوبوں کا زمینی سطح پر جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں کی رفتار، معیار اور افادیت کا قریبی معائنہ کرنا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران مختلف مقامات سے کاموں میں تاخیر، ادھورے منصوبوں اور تکنیکی خامیوں سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں، جنہیں کمیٹی نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔چیئرمین نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام زیر التوا منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جل جیون مشن ایک عوامی فلاحی اور نہایت اہم اسکیم ہے، جس کا مقصد ہر گھر تک نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں اور مقامی باشندوں نے پانی کی قلت، خستہ حال پائپ لائنوں اور مختلف اسکیموں میں تاخیر جیسے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ کمیٹی نے ان تمام امور کو اپنی حتمی رپورٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حکومت کو بروقت اصلاحی اقدامات اٹھانے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے حاصل ہونے والے مشاہدات نہ صرف پونچھ ضلع میں جل جیون مشن کی عمل آوری کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ پورے جموں و کشمیر میں اس اسکیم کو مؤثر بنانے کے لئے رہنما اصول بھی فراہم کریں گے۔آخر میں حسنین مسعودی نے شفافیت، جوابدہی اور اعلیٰ معیار کے نفاذ کو ہر سطح پر یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ عوام اس اہم اسکیم کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔