محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں جشنِ ولادتِ باسعادت حضرت امام حسین علیہ الصلوٰۃ والسلام نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر محافلِ سعید کا انعقاد کیا گیا جن میں عاشقانِ محمدؐ و آلِ محمدؐکی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنی قلبی عقیدتوں کا اظہار کیا۔ محافل میں روحانی فضا قائم رہی اور ہر طرف ذکرِ اہلِ بیت کی صدائیں گونجتی رہیں۔ان محافل کے دوران ثنا خواں حضرات نے نعتِ رسولِ مقبول، مناقبِ اہلِ بیت اور قصائدِ عقیدت پیش کیے جنہیں حاضرین نے نہایت عقیدت کے ساتھ سماعت کیا۔ کلامِ عقیدت کے ذریعے حضرت امام حسین کی عظیم قربانی، صبر، شجاعت اور حق و صداقت کے پیغام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔محافل میں شریک مومنین نے بارگاہِ الٰہی میں عالمِ انسانیت، امتِ مسلمہ اور ملک و ملت کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
مرکزی محفل امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں انجمن جعفریہ کے زیرِ انتظام منعقد ہوئی، جہاںمولانا سید امان حیدر رضوی نے ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت امام حسین کی حیاتِ طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام کی زندگی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپؐ کا پیغام ہر دور میں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے۔اسی طرح مسجد فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا، حسین آباد گورسائی میں بعد از نمازِ جمعہ محفلِ سعید منعقد ہوئی، جہاں علامہ مختار حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام حسین کے اخلاق، کردار اور انسانی اقدار پر مبنی تعلیمات کو اجاگر کیا۔اس دوران ایک طرحی محفل مقاصدہ بھی منعقد ہوئی جہاں پر مقام شعرائے کرام نے طرحی کلام پیش فرمایا۔ امام بارگاہ عالیہ منڈی میں بھی تنظیم المومنین منڈی کے زیر انتظام جشنِ ولادت کی مناسبت سے محفل کا انعقاد ہوا، جس میں مولانا سید ظہیر عباس جعفری نے خطاب کیااور امام حسین کو عالمِ انسانیت کے لیے اتحاد، عدل اور حریت کی علامت قرار دیا۔