عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے راجوری، نوشہرہ اور پونچھ اضلاع میں ضلع سطحی عہدیداران، سینئر رہنماؤں اور کارکنان کے لیے ایک عظیم الشان ’مہا پرشکشن ورگ‘ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام میں سوشل میڈیا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور میڈیا مینجمنٹ سے متعلق خصوصی سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔یہ تربیتی پروگرام بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر ست شرمااور راجیہ سبھا رکن پارلیمان کی نگرانی میں منعقد ہوا، جبکہ تنظیمی جنرل سیکریٹری اشوک کول کی قیادت میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
تربیتی نشستوں کی قیادت بی جے پی جموں و کشمیر کے سوشل میڈیا انچارج ڈاکٹر ٹیکو مکسو اور سوشل میڈیا کو-انچارج نوین شرمانے کی۔پروگرام کے دوران شرکاء کو موجودہ ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت، تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے، مثبت ڈیجیٹل بیانیہ تشکیل دینے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال اور جدید سیاسی ابلاغ میں اے آئی پر مبنی ٹولز کے کردار کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔تربیتی سیشنز میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ پارٹی کی ڈیجیٹل رسائی کو گراس روٹ سطح تک مضبوط بنایا جائے اور کارکنان کو ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے ذریعے عوامی رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ترغیب دی جائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوین شرما نے کہا کہ ’آج کے ڈیجیٹل دور میں ہر بی جے پی کارکن کو ایک ڈیجیٹل کارکن بننا ہوگا تاکہ سماج کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کیا جا سکے اور تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے‘۔پروگرام میں ضلع سطحی عہدیداران، سینئر لیڈران اور کارکنان نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور عہد کیا کہ وہ پارٹی کی ڈیجیٹل موجودگی کو نچلی سطح تک مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔