پونچھ//ٓآنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز یونین پونچھ کے بینر تلے احتجاجی مظاہرے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔اس سلسلہ میںفوارہ گارڈن پونچھ میں جمع ہو کر آنگن واڑی کارکنان اور ہیلپروں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پر مقررین نے انتظامیہ پر ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ریاستوں پنجاب، ہریانہ اور دہلی وغیرہ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو بالترتیب 10ہزار اور 6ہزا رروپے ماہوار دئیے جا رہے ہیں لیکن جموں کشمیر میں ان کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ آنگن واڑی کارکنان کا استعمال درجن بھر محکمہ جات میں مختلف نوعیت کی ڈیوٹی کے لئے کیا جاتا ہے لیکن جب انہیں مشاہرہ دینے کی بات آتی ہے تو ان کے ساتھ امتیاز کیا جاتا ہے۔مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے ضلع صدرآنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز یونین پونچھ نسیم جان نے کہا کہ پچھلے دس برس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کہیں کی کہیں پہنچ چکی ہیں لیکن ان کے مشاہرہ میں اضافہ نہیں کیا جا رہا جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا احتجاج مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ مشاہرہ میں اضافہ کے علاوہ ورکروں اور ہیلپروں کو مستقل کیا جائے اور واجب الادا بقایا جات فراہم کئے جائیں۔انہوں نے سینارٹی لسٹ مرتب کرنے ، نئی پنشن اسکیم کا نفاذ عمل میں لانے ، گروپ انشورنس لاگو کرنے ، موبائل چارجز ، وردی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں ہراساںنہ کرنے کی مانگ کی۔