پونچھ//تاریخی ضلع پونچھ جو کسی دور میں ریاست ہوا کرتی تھی ،میںآثار قدیمہ کی نادر اور تاریخ ساز عمارتیں آج بھی موجو دہیں تاہم یہ اب کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ان ہی عمارات میں سے ایک شاہکار اور تاریخی پونچھ قلعہ ہے ۔اگر چہ اس عمارت کے لئے مرکز کی جانب سے رقومات فراہم کر کے اس کی کچھ حد تک مرمت کا کام کیا بھی گیالیکن اس کی حالت میں مکمل سدھار نہیں آیا۔ساتھ ہی قلعہ کے اردگرد کی اراضی پر ناجائز قبضہ کرلیاگیاہے جس پر مقامی آبادی سیخ پا ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے غیر سرکاری تنظیم اویک انڈیا کے چیئرمین ایاز مغل نے کہا کہ قلعہ کے ارد گرد ناجائز تجاوزات کر کے وہاں عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف سرکار ی زمین پر تجاوز ہوا ہے بلکہ اس تاریخی عمارت کی پہچان بھی مسخ ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر پونچھ کے درمیان میں قائم اس تاریخی عمارت کی الگ ہی شان ہے جو ناجائز تجاوزات کی وجہ سے اپنی خوبصورتی کھو رہی ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ان ناجائز تجاوزات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ان کاکہناتھاکہ انتظامیہ نے خود قلعہ کے قریب تعمیرات کر کے اس کو نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے ان ناجائز تجاوزات کو ہٹائیں اور قابضین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ پونچھ قلعہ کے ارد گرد انتظامیہ کی جانب سے شاپنگ کمپلیکس ، ایک پٹوار خانہ اور اسکول تعمیر کیا گیا ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ مقامی لوگوں کی جانب سے بڑی سطح پر تجاوزات کر کے اس تاریخی عمارت کا وجود ختم کرنے میںکوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ اس تاریخی عمارت کوتحفظ دیاجائے ۔