پونچھ// کورونا وائرس سے متعلق لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے سرپنچ حلقہ پنچایت ڈینگلہ روبینہ انجم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدرانجینئر محمد رفیق چستی کی جانب سے ایک مشترکہ مہم چلائی گئی۔جہاں لوگوں کو کورونا وباء سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کو کہاگیا۔پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر دیگر اضلاع کی طرح پونچھ میں بھی کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آئے ہیں جو ضلع کے مختلف ہسپتالوں اور کوڈ کئیر سنٹروں میںزیر علاج ہیں۔ضلع پونچھ میں کورونا وائرس کے بچائو کے سلسلے میںضلع انتظامیہ کی جانب سے جہاں بڑی سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہی پنچایت کے عہدیداران اور سیاسی و سماجی لیڈران کی جانب سے بھی لوگوں کو کورونا سے بچاؤ کی مختلف تدابیر و دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔اس دوران دونوں لیڈران نے لوگوں کو سماجی فاصلہ کا خیال رکھنے، ماسک پہننے، صاف و ستھرائی اور احتیاط کی دیگر تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مقامی لوگوں کو احتیاطی ہدایات پر پابندی کے ساتھ عمل کر نے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا بہترین علاج ماسک اور احتیاط کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہی ہے۔انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈون کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع پولیس اور ضلع انتظامیہ کا تعاون کرنے کی بھی عوام سے اپیل کی،تاکہ اس وبائی بیماری سے جلد سے جلد چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔