بارہمولہ//مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے اپنے ہفتہ وار دورے کے آخری مرحلے میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے گلمرگ میں ضلع ترقیاتی کونسلوں ( ڈی ڈی سی ) بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں ( بی ڈی سی ) اور پنچائتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ برلا نے پنچایتی راج نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ایگزیکٹو کو جوابدہ بنانے میں بنیادی سطح پر جمہوری اداروں کے کردار پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور پنچائتیں باقاعدگی سے ملیں، عوام کے مسائل کو حل کریں اور حکومت کا احتساب یقینی بنائیں ۔ برلا نے کہا کہ ان اداروں کو اپنے قوانین اور طریقہ کار بھی وضع کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کے عمل میں مقامی نمائندوں کی رائے ہونی چاہیے کیونکہ یہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے ہیں ۔ لہذا وہ لوگوں کی خواہشات اور امیدوں کی عکاسی کرنے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں ۔ برلا نے کہا کہ قانون سازی کے عمل اور قواعد و ضوابط کے بارے میں مقامی نمائندوں کی مناسب تربیت ان اداروں کو مضبوط کرے گی تا کہ ترقی کے ثمرات کو آخری فرد تک پہنچایا جا سکے ۔