سری نگر//یواین آئی// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ پنچایتوں میں کووڈ کیئر سہولیات کے قیام کے دعوے بے بنیاد ہیں۔انہوں نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا،’’کسی بھی پنچایت میں آکسیجن موجود ہے نہ طبی عملہ۔ ان کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ اس سرکار نے لوگوں کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے ۔ ابھی تک پنچایت اراکین کو بھی با اختیار نہیں بنایا گیا ہے‘‘۔ہانجورہ نے کہا کہ کووِڈ سے ہر ایک طبقہ متاثر ہوا ہے اور ان کی جماعت کو امید ہے کہ موجودہ سرکار ان کو معاوضہ فراہم کرے گی۔انہوں نے پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ میٹنگ کے بارے میں کہا،’’ہم نے آج یہاں کافی عرصے کے بعد اپنے ساتھیوں کی میٹنگ بلائی تھی۔ کووڈ اور ایس او پیز کو دھیان میں رکھتے ہوئے چند ہی لیڈران کو میٹنگ میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’ہم نے تنظیمی معاملات پر غور و خوض کیا ہے ۔ ہم نے اپنے ساتھیوں سے پوچھا کہ کیا ان کا لوگوں کے ساتھ تال میل برقرار ہے‘‘۔