نیوز ڈیسک
جموں// جموں پولیس نے پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو پنجاب سے ایک ٹرک میں لکھن پور عبور کرنے کے فورا بعد گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ان اطلاعات کے بعد کہ وہ عاشق نینگرو ماڈیول کا حصہ ہو سکتے ہیں اور علاقے میں ملی ٹینسی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پنجاب سے لکھن پور میں داخل ہونے پر پولیس نے ایک خاص اطلاع پر ایک ٹرک کو روک کر اسے ضبط کر لیا۔اس میں سفر کرنے والے پلوامہ کے تینوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ان کی شناخت آصف محمد، بشارت محمود اور مسرت کے طور پر ہوئی ہے، یہ سبھی پلوامہ ضلع کے قصبہ یار شادی مرگ کے رہنے والے ہیں۔اس کے فورا بعد، انہیں مسلسل پوچھ گچھ کے لیے جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر (JIC) منتقل کر دیا گیا تاکہ ان کے پنجاب کے دورے اور ایک ٹرک میں وادی واپس آنے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ان کا تعلق جیش محمد تنظیم کے عاشق نینگرو گروپ سے ہوسکتا ہے۔تاہم ملزمان سے پوچھ گچھ ختم ہونے کے بعد ہی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں نے 22 سے 24 مئی تک سری نگر میں ہونے والے جی 20 ایونٹ کے پیش نظر جموں خطے میں انتہائی ہائی الرٹ رکھا ہوا ہے جو کہ جموں و کشمیر میں سابقہ خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد پہلی بڑی بین الاقوامی تقریب ہے۔ پولیس سے گرفتار مشتبہ افراد کے ماضی کے ریکارڈ کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔حال ہی میں، ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) جموں نے پنجاب کے امرتسر ضلع میں دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے کی جائیداد ضبط کی تھی، جو پنجاب سے کشمیر تک 40 لاکھ روپے مالیت کی حوالاتی رقم کی نقل و حمل میں ملوث ہونے کے بعد مفرور تھا، جسے پولیس نے نگروٹہ میں ضبط کر لیا تھا۔