پلوامہ کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر | نیوہ کرکٹ کلب نے ٹرافی اپنے نام کر لی

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سوک ایکشن پروگرام کے تحت پلوامہ پولیس کے زیر اہتمام’نیوہ کرکٹ لیگ2023 ‘پیر کو نیوہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ نیوا کرکٹ کلب اور پریگام کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا جو نیوا کرکٹ کلب نے 6 وکٹوں سے جیت لیا۔اس موقع پر ایس پی پلوامہ تنویر احمد ڈارنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی وائی ایس پی( ڈار) ڈی پی ایل پلوامہ، انچارج پولیس چوکی نیوہ سمیت دیگر ضلعی افسران اور پرجوش تماشائیوں کے ایک بڑے اجتماع نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اختتامی تقریب کے دوران ایڈیشنل ایس پی پلوامہ نے نوجوانوں کو کھیلوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے مواقع فراہم کرکے جموں و کشمیر پولیس کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کھیلوں کے وسیع اثرات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ کھیل کودنہ صرف چاک و چوبند رہنے کیلئے اہم ہے بلکہ لوگوں کو منفی اثرات سے دور رکھتی ہیں۔انہوں نے ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ دونوں ٹیموں کو ٹرافیاں اور میڈلز ملے۔ جیتنے والی ٹیم کو 15,000 روپے کا نقد انعام دیا گیا جبکہ رنر اپ کو 10,000 روپے ملے۔ انفرادی عمدہ کارکردگی کا بھی اعتراف کیا گیا، ہارون ملک نے کرکٹ بیٹ اور ٹرافی سمیت بہترین مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ ہارون ملک کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی ملا۔