سرینگر/اشفاق سعید/پلوامہ میں ایک خاتون کے2بار گیسو تراشنے میں مبینہ طور ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مشتعل ہجوم نے ایک کا رہاشی مکان نذر آتش کیا۔7 اکتوبر کو مونگہامہ پلوامہ سے تعلق رکھنے والی ایک شادی شدہ خاتون کے گیسو ئوں تراشنے کا واقعہ پیش آیا۔2 روز بعد یعنی 9 اکتوبر کومذکورہ خاتون پر دوبارہ حملہ کیا گیا۔لیکن خاتون نے حملہ کرنے والوں میں ایک شخص کو پہچاننے کا دعویٰ کیا اور گائوں والوں کو بتایا کہ ایک نوجوان کے کان میں بالی تھی۔متاثر ہ خاتون کے رشتہ داروں نے پولیس تھانہ پلوامہ میں آ کر گلزار احمداور محمد شفیع نامی دو نوجوانوںپر الزام لگا یا کہ یہ دونوں گیسو تراشنے میں ملوث ہیں۔ چنانچہ دونوں کو پولیس نے تھا نہ بلاکر لاک اپ میں بند کردیا اور ان کی پو چھ تاچھ شروع کردی ۔جونہی علاقہ میںمذکورہ گائوں کے ایک نوجوان کے ملوث ہونے کے بارے میں خبر پھیل گئی تو مشتعل ہجوم نے اسکے مکان کو نذ رآ تش کر دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقا ت جاری اور متا ثرین کے دعویٰ پر دو افراد کو حراست لیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملزمان کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آ یا وہ اس وقت جی بی پنتھ اسپتال میں ڈیوٹی پر تعینا ت تھے لہٰذا ہم نے جی بی پنتھ سے اس روز کی سی سی ٹی وی کیمرا فوٹیج حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملوث پائے گئے تو ان کو بخشا نہیں جائے گا۔