سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے سینئرلیڈران اور ضلع ورکروں کی موجودگی میں منگل کو پلوامہ میں باقاعدہ اپنے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارٹی صوبائی صدرکشمیر محمد اشرف میر مہمان خصوصی تھے۔ ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر سید شوکت غیور، کونسلر بلال احمد راتھر، غلام محی الدین گنائی، جاوید ترالی اور سید تجمل اندرابی بھی موجو دتھے۔ صوبائی صدر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ ماضی میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو کافی متاثر ہونا پڑا ہے لیکن اب اپنی پارٹی نے عوامی مشکلات کو حل کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیںشروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا’’ایک لمبے عرصے تک جموں وکشمیر کے لوگوں کو جذباتی اور کھوکھلے نعروں سے بہلایاجاتارہا لیکن اپنی پارٹی کے قیام کے بعد سے ایک نئی سوچ نے جنم لیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی اصول پر کاربند ہے اور وہی کہا جارہا ہے جوقابل عمل ہو۔ انہوں نے ضلع دفتر کا افتتاح کرنے پرعہدیداروں اور اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن سے تاکید کی کہ وہ عوام سے جڑے رہیں اور اُن کے مسائل کو حل کریں۔