پر دیمن معاملے پر پیر کے روز سپریم کورٹ میں سماعت

نئی دہلی//گروگرام کے ریان انٹرنیشنل اسکول کے دوسرے درجے کے طالب علم پردیمن کے قتل کے سلسلے   میں پیر کو سپریم کورٹ سماعت کرے گا۔ ا سکول مینجمنٹ کی جانب سے آج پیش ہوئے معروف وکیل کے ٹی ایس تلسی نے مقدمے کی سماعت ہریانہ کی عدالت کے بجائے   نئی دہلی کے ساکیت کورٹ میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو اسکول کے باتھ روم میں پردیمن کا قتل ہواتھا۔ بس کنڈکٹراشوک کمار پرقتل کاالزام ہے ۔  کنڈکٹر کو گرفتارکر لیا گیا ہے اور اس نے اپنا جرم بھی قبول کر لیا ہے ۔  دریں اثنا، کنڈکٹر کے ڈی این اے کا نمونہ جانچ کے لئے کرنال کی لیباٹری میں بھیج دیا گیا ہے ۔ سوہنا کے وکیلوں نے ملزم کا مقدمہ لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔پولیس نے اس معاملے میں ریان انٹرنیشنل اسکول کے ریجنل ہیڈ فرانسسکو تھامس اور ایچ آر چیف جیوس تھامس کو گرفتار کیا تھا۔ وہ دو روز پولیس ریمانڈ پر تھے ۔ریجنل مینیجر نے بھی مقدمے کوہریانہ سے منتقل کرنے کی درخواست کی ہے ۔