یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کی انوکھی پہل ’’پریکشا پے چرچا 2026‘‘ نے اس سال ایک نیا تاریخی سنگِ میل قائم کیا ہے۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ہفتہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے اب تک چار کروڑ سے زیادہ آن لائن رجسٹریشن ہو چکے ہیں، جو گزشتہ سال کے 3.56 کروڑ رجسٹریشن کے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے کہیں زیادہ ہے۔ پردھان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں یہ پہل محض ایک سالانہ مکالمہ نہ رہ کر اب ایک قومی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک کے نوجوانوں کے لیے بغیر تناؤ ماحول تیار کرنا ہے۔وزیر تعلیم نے تمام طلبہ و طالبات سے اس پروگرام میں سرگرم طور پر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کا وقت قریب آنے پر طلبہ وزیر اعظم کے اعتماد، ارتکاز اور صحت سے متعلق دیے گئے مشوروں سے اپنا دباؤ کم کر سکتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 8 جنوری تک طلبہ، والدین اور اساتذہ کے رجسٹریشن کی تعداد چار کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، جو تعلیم اور ہمہ جہتی ترقی پر بامعنی مکالمے کے تئیں ملک کے بڑھتے جوش و خروش کو ظاہر کرتی ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ ’’پریکشا پے چرچا 2026‘‘ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل یکم دسمبر 2025 کو ’’مائی گوو‘‘ پورٹل پر شروع ہوا تھا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، وزارت تعلیم کی جانب سے ہر سال منعقد کیا جانے والا یہ پروگرام ایک ایسا پلیٹ فارم بن گیا ہے، جہاں طلبہ، اساتذہ اور والدین براہِ راست وزیر اعظم مودی کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرتے ہیں۔