زاہد بشیر
گول// ضلع صدر رام بن سے صرف پانچ کلو میٹر دور علاقہ پرنوٹ میں پھر سے 45دن کے بعدزمین کھسکنے لگی جس کی وجہ سے گول سب ڈویژن کے تمام علاقے سڑک رابطے سے منقطع ہوگئے ہیں۔ 25اپریل2024کی درمیانی شب کے بعد یہ علاقہ کھسکنے لگا جس میں سو سے زائد رہائشی مکانات دھنس گئے تھے جبکہ گول سب ڈویژن کو روشن کرنے والی 33کے وی لائن و وادی کشمیر جو جانے والی کچھ ٹرانسمیشن لائنوں کو بھی اس اراضی کھسکنے کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا تھا ۔
اگر چہ اس دوران انتظامیہ کی انتھک کوشش کے بعد گول سب ڈویژن کو سڑک رابطے کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی کو بھی بحال کر یا تھا لیکن دو روز قبل یہ علاقے پھر سے کھسکنے لگا اور گول رام بن شاہراہ کا کافی بڑا حصہ دھنس گیا جس میں کئی لوگوں کی جانیں بال بال بچیں گول کی ایک سرکاری ایمبولینس بھی اس میں پھنس گئی تھی جسے بعد میں نکالا گیا تھا ۔ سڑک رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے گول کے لوگ اب مہور ۔ریاسی سے جموں کا سفر کرنے پر مجبو رہیںجہاں سے سڑک کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے یہ سفر جانوں کو جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہے ۔ وہیں اگر یہی صورتحال رہی تو غذائی اجناس ، سبزی ، مرغ و دیگر اشیاضررویہ کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اگر چہ جموں سرینگر ریل لائن بانہال سے سنگلدان تک بحال کرنے میں کافی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں اگر کسی بیمار کو یا کوئی ضروری کام ہوتو جموں کے بجائے زیادہ تر لوگ اب وادی کا رُخ کرتے ہیں جو سب ڈویژن گول کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھی جس میں بشمول مہور گلاب گڑھ شامل ہیں ان کو کافی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔وہیں گول عوام کے لئے ایندھن کی شدید قلت کی وجہ سے بھی ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوا ہے جس وجہ سے گاڑیوں کے لئے ایندھن لانا بھی اب مشکل بن چکا ہے ۔ پہلے لوگ رام بن ایندھن لاتے تھے لیکن اب وہ راستہ بھی بند ہو چکا ہے جس وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں ۔ گول میں واحد پیٹرول پمپ جو سالہا سال سے بند پڑا ہے اگر چہ کئی مرتبہ انتظامیہ نے نوٹس بھی نکالا لیکن یہاں پر ایندھن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ دنوں اس پمپ کو انتظامیہ نے سربمہر کر دیا ۔ لیکن پمپ کو سربمہر کرنے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوئے انتظامیہ کو چاہئے کہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جائے کیونکہ گول سب ڈویژن میں نہ صرف گاڑیوں کے لئے بلکہ ضروری سروس جس میں ہسپتال، بنک وغیرہ شامل ہیں ۔ آنے والے وقت میں موسون کی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہیں بھاری بارشوں کا بھی امکان ہے جس دوران سڑک رابطے کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی بھی بند ہو سکتی ہے کیونکہ گول کو33کے وی لائن کو پرنوت میں عارضی طور پر رکھا گیا ہے اور متبادل لائن پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر مون سون کی ہوائیں چلیں تو گول نہ صرف سڑک رابطے سے منقطع رہے گا بلکہ بجلی کی سپلائی میں بھی بھاری خلل پیدا ہو سکتا ہے ۔ وہیں اگر جلد از جلد کٹرہ بانہال ریلوے لائن پر ریل چلے گی تو لوگوں کو جموں کا سفر کرنے میںآسانی ہو گی لیکن صدر مقام رام بن جانے کے لئے لوگوں کو بانہال ،سمڑ یا کٹرہ سے ادھمپور ہوتے ہوئے صدر مقام رام بن تک پہنچنا پڑے گا ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ایسی ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے پہلے سے ہی تیار رہنا چاہئے تا کہ عوام کو زیادہ مشکلا ت کا سامنا نا کرنا پڑے ۔