پرتھ ٹیسٹ: وراٹ کی 25 ویں سنچری، میچ دلچسپ موڑ پر

پرتھ/ کپتان وراٹ کوہلی (123) کی ریکارڈ 25 ویں سنچری کی بدولت ہندوستان نے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن اتوار کو اپنی پہلی اننگز میں 283 رن بنائے جبکہ میزبان آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں اسٹمپس تک چار وکٹ کے نقصان پر 132 رن بناکر اپنی کل برتری 175 رن پر پہنچا دی ہے ۔  میچ کافی دلچسپ موڑ پر پہنچ گیا ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس جیت حاصل کرنے کا موقع برقرار ہے ۔تیسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے تین اوور پہلے ختم ہوا۔ دوسرے ٹسٹ کا تیسرا دن پوری طرح ہندوستانی کپتان وراٹ کی 25 ویں سنچری اور انہیں آوٹ کرنے والے متنازعہ کیچ کے نام رہا ۔وراٹ نے 257 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رن بنائے جو ان کی 25 ویں ٹسٹ سنچری تھی۔ وراٹ نے سب سے تیز 25 سنچری مکمل کرنے کے معاملے میں ہم وطن سچن تندولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس معاملے میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وراٹ نے 127 اننگز میں 25 سنچری مکمل کی جبکہ سچن نے اس کے لئے 130 اننگز کھیلی تھی۔ آسٹریلیا کے عظیم بلے باز سرڈان بریڈمین نے 68 اننگز میں 25 سنچری مکمل کی تھی۔ وراٹ کی سنچری جتنی شاندار رہی اتنا ہی ان کا آوٹ ہونا متنازعہ رہا۔ وراٹ کے آوٹ ہونے کے معاملے سے پھر میدانی امپائرکے فیصلے پر سوال اٹھنے لگے ہیں جومتنازعہ معاملوں میں تھرڈامپائر کی صلاح کے بغیر ہی آوٹ دے دیتے ہیں۔  ہندوستان پانچ وکٹ پر 251 رن بناکر کافی مضبوط پوزیشن میں تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرلے گا لیکن میچ کا رخ پلٹ گیا۔ لنچ سے ایک اوور پہلے پیٹ کمنس کی گیند وراٹ کے بلہ کا باہری کنارہ لے کر دوسری سلپ میں پیٹر ینڈس کامب کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ہینڈسکامب نے نیچے غوطہ لگاتے ہوئے زمین سے چھوتا ہوا کیچ لیا جو واضح نہیں تھا لیکن امپائر کمار دھرم سینا نے فوراً آوٹ کا اشارہ دیا اور پھر تیسرے امپائر کی مدد مانگی۔ تھرڈ امپائر نائزل لانگ بھی کشمکش میں رہے اور میدان امپائر کا فیصلہ تبدیل نہیں کرسکے ۔ وراٹ کو آوٹ ہوکر پویلین لوٹنا پڑا لیکن ناراضگی ان کے چہرے پر صاف دکھائی دے رہی تھی اور باونڈری لائن پار کرتے ہی انہوں نے اپنا ہیلمٹ پھینک دیا۔ انہوں نے مداحوں کا استقبال بھی تسلیم نہیں کیا۔ ان کے آوٹ ہوتے ہی ہندوستان کی آسٹریلیا کے 326 کے اسکور تک پہنچنے کی امیدیں ٹوٹ گئیں اور پوری ٹیم لنچ کے بعد 283 پر سمٹ گئی۔ ہندوستان نے کل تین وکٹ پر 172 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان وراٹ نے 82 اور نائب کپتان اجنکیا رہانے نے 51 سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندوستان نے دن کے پہلے اوور میں ہی رہانے کو گنوا دیا۔ آف اسپنر ناتھن لیون نے رہانے کو وکٹ کیپر ٹیم پین کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ رہانے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کرسکے اور ہندوستان نے اپنا چوتھا وکٹ 173 کے اسکور پر گنوایا۔  وراٹ نے نوجوان بلے باز ہنوما وہاری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 50 رن کی ساجھیداری کی۔ وہاری کو جوش ہیزلوڈ کی گیند پر پین نے آوٹ کیا۔انہوں نے 46 گیندوں میں 20 رن بنائے ۔ وراٹ کے آوٹ ہونے کے بعد محمدشامی بغیر رن بنائے لیون کا اگلا شکار بنے ۔ ان کا کیچ پین نے لیا۔  لنچ کے بعد کے کھیل میں وکٹ کیپر رشبھ پنت نے 50 گیندوں میں دوچوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رن بنائے ۔ لیون نے ایشانت شرما، پنت اور جسپریت بمراہ کے وکٹ حاصل کرکے ہندوستانی اننگز کو سمیٹ دیا۔  لیون نے 34.5 اوور میں 67 رن پر پانچ وکٹ جبکہ مشیل اسٹارک 79 رن پر دو وکٹ اور ہیزلوڈ نے 66 رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں سلامی بلے باز آرون فنچ (25) ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ مارکس ہیرس 20 رن بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ محمدشامی نے شان مارش کو وکٹ کے پیچھے پنت کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا اور ہینڈس کامب کو ایشانت نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ ٹریوس ہیڈ کا کیچ ایشانت نے شامی کی گیند پر لیا۔ مارش نے پانچ، ہینڈس کامب نے 13 اور ہیڈ نے 19 رن بنائے ۔ اسٹمپس پر عثمان خواجہ 41 اور پین آٹھ رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔ شامی نے 23 رن پر دو وکٹ جبکہ ایشانت اور بمراہ کو ایک ایک ملا۔ یواین آئی