ابوظہبی// یاسر شاہ86 (رن پر چار وکٹ) کی قیادت میں پاکستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو دوسرے سیشن میں پہلی اننگز میں224رنز پر ڈھیر کر دیا اور اس طرح اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر 228 رنز کی بڑی برتری حاصل ہو گئی ہے ۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 452 رنز بنائے تھے اور اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز محض224رن پر سمٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر کے علاوہ راحت علی (45 رن پر تین وکٹ) اور سہیل خان (35 رن پر دو وکٹ) نے بھی قابل ستائش کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز نے صبح کل کے چار وکٹ پر 106 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور چائے کے وقفہ کے بعد 224 رن پر اس کی پوری اننگز ڈھیر ہو گئی۔دویندر بشو اور جرمین بلیک وڈ نے کھیلنا شروع کیا اور جلد ہی دونوں پویلین لوٹ گئے ۔بلیک وڈ نے 20 رن، روسٹن چیز نے 22، سائی ہوپ نے 11، شینن گیبریل نے13رنز بنائے ۔جیسن ہولڈر ناٹ آؤٹ 31 رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔پہلے ہی سیشن میں بلیک وڈ 8 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دویندرا بشو 20 رنز بناکر سہیل خان کا شکار بن گئے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیون جانسن 12، ڈیرن براوو 43، کریک بریتھ ویٹ 21، مارلن سیموئلز 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔تیسرے روز کھانے کے وقفے تک ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے جبکہ اسے 301 رنز کا خسارہ تھا۔اس سے قبل کھیل کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔جس میں یونس خان نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ مصباح اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔قبل ازیں پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کیا تھا۔یو این آئی۔