جموں// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) جموں فرنٹیئرکمل ناتھ چوبے نے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی حرمت کو پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار الرٹ ہیں اور سرحدوں کی حفاظت کو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اے ڈی جی بی ایس ایف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی گولہ باری سے جاں بحق ہوئے چار بی ایس ایف اہلکاروں کی نعشوں پر پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’سیز فائر ہمیشہ دوطرفہ فیصلہ ہوتا ہے۔ ہمارے سیکٹر ڈی آئی جی کی حال ہی میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے میٹنگ ہوئی۔ وہاں یہ فیصلہ ہوا کہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہم نے سیز فائر معاہدے کی حرمت برقرار رکھی ہے۔ لیکن پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی حرمت کو پامال کیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ سیز فائر معاہدے کے حوالے سے لئے گئے فیصلوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ہم نے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے لئے گئے فیصلے کا احترام کیا ہے۔ دغابازی کا جواب دینا اب ہمارا کام ہے‘۔ کمل ناتھ چوبے نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہم ہمیشہ تیار ہیں۔ سرحدوں کی حفاظت کو لیکر ہم کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ‘۔ اے ڈی جی بی ایس ایف نے کہا کہ ہم اپنے اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج درج کریں گے۔ انہوں نے کہا ’ہم ان ہلاکتوںکو لیکر اپنا احتجاج درج کریں گے‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ ’کیا بی ایس ایف‘ کی جانب سے جوابی کاروائی کی جائے گی، تو ان کا کہنا تھا ’میں وہ زبان استعمال نہیں کرتا ہوں۔ میں یہاں ہماری حکمت عملی کا انکشاف نہیں کرسکتا۔ ہم کونسے اقدامات اٹھائیں گے، آپ کو نہیں بتا سکتا۔ لیکن میں یہ ضرورت کہوں گا کہ ہم اپنا دبدبہ قائم رکھیں گے‘۔ انہوں نے کہا ’ہم اس بات کو لیکر فکر مند ہیں کہ پاکستان کی طرف سے سیز فائر معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ وہ بھی باوجود اس کے کہ طرفین کے مابین میٹنگ ان کی گذارش پر ہوئی۔ ہمیں پاکستان کی پہل میں اعتماد کی کمی نظر آتی ہے‘۔ آئی جی بی ایس ایف جموں فرنٹیئر رام اوتار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یو این آئی