اسلام آباد//پاکستان میں عالمی وبا کووڈ -19 دن بدن خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے اور اتوار کو کورونا متاثرین کی تعداد تقریبا آٹھ ہزار تک پہنچ گئی اور 159 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ پاکستان میں اتوار کو صبح پونے دس بجے تک کوروناوائرس کے مجموعی کیسز 7993ہوگئے ۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا صوبے پاکستان میں کووڈ -19کے بڑے ھاٹ سپاٹ بنتے جا رہے ہیں ۔ تینوں صوبوں میں وائرس سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا کا اہم مرکز ہے یہاں 3649افراد کورونا کی گرفت میں آ چکے ہیں اور 41کی موت ہو چکی ہے ۔صوبہ سندھ وائرس متاثرین کے معاملے میں دوسرے مقام پر ہے ۔ صوبے میں 2355متاثر ہیں جبکہ 48 جاں بحق ہوئے ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں سب سے زائد 60افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور متاثرین کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر کے 1137تک پہنچ گئی ۔ بلوچستان میں 376 متاثر اور پانچ اموت ہوئی ہیں ۔