سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ سے 6 کلومیٹر کے فاصلے پر گاﺅں لوہر لسانہ کے محلہ بٹاںوالی میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے ایک ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے تاین مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ٹینک کا فائدہ محلہ کے کسی بھی شخص کو نہیں ہونے والا کیونکہ یہ غیر مناسب جگہ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔لوگوں کے مطابق ٹینک ایسی جگہ ہوتا ہے جہاں پانی ہو لیکن ٹینک کی جگہ کوئی بھی چشمہ نہیں اور نہ ہی لفٹ سکیم پر کوئی اثرپڑنے کا معاملہ ہے۔نجم بٹ نامی ایک شخص نے بتایا کہ اس ٹینک کا صرف ایک آدمی کو فائدہ ہو گا جو سیاسی پشت پناہی رکھتاہے اور محکمہ بھی اسی کی مدد کررہاہے۔ ان کاکہناہے کہ محکمہ اس بات پر توجہ نہیں دے رہا جہاں پورے لوگوں کو فائدہ ہو اور ٹینک کی تعمیر وہاں ہونی چاہئے جہاں سے عام لوگوں کو پانی مل سکے اور سبھی لوگ متفق بھی ہوں لیکن محکمہ نے ایسا نہیں کیا اورصرف ایک ہی آدمی کی خوشی کیلئے ٹینک بنایاجارہاہے ۔ایک اور شہری نے بتایاکہ انہوں نے محکمہ کے اے ای ای اور جے ای کو بھی اس بات سے آگاہ کیا کہ ٹینک غیر مناسب جگہ پر تعمیر کیا جا رہا ہے اورمحکمہ نے کہا کہ وہ ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو ٹینک کو دیکھے گی کہ کیا یہ ٹینک مناسب جگہ پر ہے یا نہیں لیکن کوئی بھی کمیٹی ٹینک کی جگہ پر نہیں گئی اور ٹینک کا کام غیر مناسب جگہ پر چل رہا ہے۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ،تحصیل انتظامیہ سرنکوٹ اور پی ایچ ای وزیر سے مانگ کی کہ اس ٹینک کے بنائے جانے کی انکوائری کی جائے اور جو اس ٹینک کو غیر مناسب جگہ پر تعمیر کروا رہے ہیں اور سرکار کے پیسہ کو برباد کر رہے ہیں، کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔لوگوں نے کہا کہ اگر اس ٹینک کا کام فوری طوربند نہ کروایا گیا تو اس صورت میں احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پی ایچ ای پر عائد ہوگی۔