مینڈھر//مینڈھر کے بالائی چھجلہ گاؤں کی مکینوںخاص طور پر گائوں کی خواتین نے علاقے میں پانی کی قلت کولیکرمحکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا اور محکمہ پر یہ الزام لگایا کہ وہ علاقے کے لوگوں کو حالات کے رحم وکرم پرچھوڑ رہا ہے۔نائب سرپنچ محمد حافظ کی سربراہی میں دیہاتی خواتین سمیت مقامی افراد نے بتایا کہ ان کا گاؤں اپر چھجلہ مینڈھر کے منکوٹ بلاک میں واقع ہے اور ان کو نلکوں کی فراہمی کی کوئی اسکیم نہیں تھی جس کے بعد 2012 میں ایک لفٹ واٹر سپلائی اسکیم شروع کی گئی تھی اور آبی ذخائر کے ٹینک کی تعمیر کی گئی تھی۔ علاقے میں محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مقامی افرادنے بتایا"اس کے بعد کوئی کام نہیں ہو سکا ہے اور یہاں تک کہ پائپ لائنیں بچھانا ابھی باقی ہیں"۔انہوں نے سینئر افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور اپر چھجلہ لفٹ واٹر سکیم کو جلد سے جلد مکمل کریں۔