غلام محمد
سوپور// سوپور کے امبر پورہ تارزو علاقے میں ہفتہ کے روز پانی کی شدید اور طویل قلت نے شدید عوامی ناراضگی کو جنم دیا، جس سے مکینوں بالخصوص خواتین کو احتجاج کے طور پر سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونا پڑا اور پینے کے پانی کی فراہمی کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ وہ گزشتہ کئی مہینوں سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، یہ صورتحال جاری سخت سردی کے دوران مزید خراب ہو گئی ہے۔ خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی باقاعدہ فراہمی کی عدم موجودگی نے روزمرہ کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے ۔مظاہرین میں شامل ایک شہری نے کہا ’’ہمیں بہت زیادہ تکلیف ہو رہی ہے۔ اس ٹھنڈے موسم میں پانی کے بغیر روزمرہ کی ضروریات کا انتظام کرنا ناقابل برداشت ہو گیا ہے‘‘۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام پر بار بار کی شکایات اور اپیلوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر جل شکتی محکمہ کے عہدیداروں سے رجوع کرنے کے باوجود اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا ہے۔ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد مسئلہ کوحل نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہوں گے۔متاثرہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کرکے علاقے میں پانی کی سپلائی کی فوری بحالی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پائیدار اقدامات کریں تاکہ موسم سرما کے آنے والے ہفتوں میں لوگوں کو مزید مصائب کا سامنا نہ کرنا پڑے۔احتجاج پرامن طور پر منتشر ہونے سے پہلے کچھ دیر تک جاری رہا۔ انتظامیہ کے عہدیداروں نے انہیں امید ظاہر کی کہ وہ ان کی دیرینہ شکایت کا نوٹس لیں گے اور فوری ریلیف فراہم کریں۔