عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈاکٹر فاروق عبداللہ، سپریا سولے، ڈمپل یادو اور ششی تھرور سمیت 49 اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو منگل کو لوک سبھا سے سرمائی اجلاس کے بقیہ حصے کے لیے معطل کر دیا گیا، جس کے ایک دن بعد 33 اراکین اسمبلی کو ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ایوان کے التوا کا سامنا کرنے کے بعد ہوئی۔ اپوزیشن ارکان نے نعرے لگائے اور اپنے مطالبات پر پلے کارڈز آویزاں کر دئیے۔ وہ 13 دسمبر کو پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی پر وزیر داخلہ امت شاہ سے بیان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔لوک سبھا کے 49 ممبران پارلیمنٹ کی معطلی کے ساتھ ہی دونوں ایوانوں سے معطل کئے گئے اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کی کل تعداد 141 ہو گئی ہے۔ بدھ کو معطلی کے ساتھ ہی ان لوگوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے جنہیں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ایوانوں میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ سرمائی اجلاس 22 دسمبر کو ختم ہوگا۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے اراکین کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ ممبران کو پلے کارڈز دکھانے پر معطل کر دیا گیا اور تمام ممبران پارلیمنٹ نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں اس کا سہارا نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان نے قواعد کی خلاف ورزی کی اور چیئر کی بے عزتی کی۔کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے مایوس ہیں۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راجندر اگروال نے، جو صدارت میں تھے، حکومت سے کہا کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کی تحریک پیش کرے۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی کے واقعہ پر امت شاہ کے بیان کے مطالبے پر ہنگامہ آرائی کے بعدکل 78 ممبران پارلیمنٹ 33 لوک سبھا اور 45 راجیہ سبھا کو پیر کو سرمائی اجلاس کے بقیہ اجلاس کے لئے معطل کر دیا گیا تھا۔