کشتواڑ//بعض شرپسند عناصر اور غیر رجسٹرڈ یونینوں اور انجمنوں کی جانب سے پکل ڈول پائور پروجیکٹ اور ضلع انتظامیہ کے خلاف سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا پر اکسانے والی اور گمراہ کن جانکاری دینے کے پس منظر میں ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا اور سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس ابرار احمد چودھری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پکل ڈول پائورپروجیکٹ کی تعمیر میں کسی کو بھی رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے کہا پروجیکٹ پر کام شروع ہو گیا ہے اور دیگر پروجیکٹوں پر بھی کام شروع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ افواہ بازوں اور بلیک میل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو پکل ڈول ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض شر پسند عناصر کشتوڑ میں قائم ہورہے نئے بجلی پروجیکٹ کی تعمیر میں روکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں اور جعلی خبریں پھیلا کر ضلع کے بیروز گار نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بعض افراد اور غیر رجسٹرڈ یونینوں اور انجمنوں کی جانب سے افکان پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے سلسلہ میں کمپنی کی جانب سے ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوں کو بیرون ریاست سے لاکر تعینات کرنے کی جھوٹی خبریں پھیلا کر نوجوانوں کو گمراہ کرنے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام خبریں جھوٹی اور گمراہ کُن ہیں۔ ترقیاتی کمشنر نے ان گمراہ کن خبروں کے سلسلہ میںافواہ بازوں کو جھوٹی خبریں پھیلانے سے اجتناب کرنے کی وارننگ دی ۔انہوں نے کہا کہ ایسی خبروں سے پُرامن ضلع میں امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ پائور پروجیکٹوں کی تعمیر میں کسی بھی روکاوٹ کو برداشت نہیں کرے گی اور روکاوٹ ڈالنے والوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے کر دیا جائے گا۔انہوں نے واضع کر دیا کہ روزگار سے متعلق اشہارات پرنٹ اور سوشل میڈیا میں شائع کی جائیں گی ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ابرار احمد چودھری نے کہا کہ پکل ڈول ہائیڈر الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر میں کسی بھی روکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گاکیونکہ یہ ضلع کے بیروز گار نوجوانوں کے روز گار کے لئے ایک اچھا موقعہ ہے۔انہوں نے تنبیہ کیا کہ ضلع انتظامیہ شرپسند عناصر اور افواہ بازوں کے خلاف سنگین کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ کمپنی نے کسی بیرونی ریاست کے باشندے کو روز گار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی نے تا حال 20 افراد کو تعینات کیا ہے جن میں سے 18کا تعلق گول سے ہے جبکہ2 کشتواڑ سے ہیں۔