یواین آئی
سڈنی/آسٹریلیا کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز کمر کی انجری میں پیچیدگی کے باعث سری لنکا اور ہندوستان میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہو گئے ہیں۔ 32 سالہ اسٹار با لر کی جگہ فاسٹ با لر بین ڈوارشوئس کو آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ کمنز، جو گزشتہ سال جولائی سے کمر کی تکلیف کا شکار ہیں، نے ایشز کے دوران فٹنس بحال کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم حالیہ اسکینز میں ڈاکٹروں نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث ان کے پاس ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے وقت ختم ہو گیا۔ کمنز نے انکشاف کیا کہ وہ خود کو بہتر محسوس کر رہے تھے لیکن ٹائم لائن محدود ہونے کی وجہ سے بڑے ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔
سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان کو امید ہے کہ وہ 26 مارچ سے شروع ہونے والی آئی پی ایل تک مکمل فٹ ہو جائیں گے ۔کمنز نے واضح کیا کہ آنے والے 18 ماہ میں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز، ایشز اور ون ڈے ورلڈ کپ جیسے اہم معرکے شیڈول ہیں، اس لیے وہ اپنی فٹنس پر طویل مدتی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے ۔ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 0-3 کی شکست کے بعد مچل اسٹارک اور اب کمنز کی عدم موجودگی نے آسٹریلوی اٹیک کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے ۔پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر چار ہفتے کے آرام کی امید تھی، لیکن ڈاکٹروں کے مزید دو ہفتے کے مشورے نے ورلڈ کپ کی شرکت کو ناممکن بنا دیا ہے ۔ میرا مقصد اب آئی پی ایل کے ذریعے میدان میں واپسی ہے تاکہ مستقبل کے بڑے چیلنجز کے لیے تیار رہ سکوں۔