سوپور //شمالی قصبہ سوپور کے ٹلی بل علاقے میں لنک روڈ کی خراب حالت کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر اینڈ بی حکام گزشتہ ایک دہائی سے اس خستہ حال سڑک کی مرمت نہیں کرپارہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمہ سے کئی بار رابطہ کیا گیا لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک خستہ حال ہے اور جب بھی بارش ہوتی ہے ،سڑک ندی میں تبدیل ہو جاتی ہے کیونکہ کئی جگہوں پر بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں جو 1سے2 فٹ گہرے ہیں۔ خضر محمد نامی ایک مقامی شہری نے بتایا ’’ اس سڑک پر موجود گڑھے پانی جمع ہونے کا سبب بنتے ہیں‘‘۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ بستی میں رہنے والے لوگوں کے مشکلات کو کم کرنے کیلئے لنک روڈ کی مرمت کریں۔دریں اثنا ، آر اینڈ بی سوپورکے ایک عہدیدار نے بتایا کہ قصبے میں تقریباً تمام مین اور لنک روڈ میکڈامائزڈ ہیں تاہم اگر کوئی لنک روڈ نامکمل ہے تو اگلے پلان میں اُس پر میکڈم بچھایا جائے گا۔