کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے موٹر وہیکلز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے بائیکروں کے خلاف بھاری کریک ڈائون کیا ہے، جس دوران پولیس نے غفلت شعاری اور تیز رفتاری سے بائیک چلانے والوںکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے30 سے زائد بائیکوں کو ضبط کرکے متعدد ایف آئی آر درج کئے ہیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں کئی بائیک سواروں کو بھی گرفتار کیا ہے۔پولیس کو مختلف اجلاسوںمیں یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ قصبہ کے گرد و نواح میں بائیک سوار نوجوان سڑکوں پر stunts کرتے ہیںاور تیز رفتاری و غفلت شعاری سے بائیکوں کو چلاتے ہیں، جسکی وجہ سے بزرگوں، بچوں اور خواتین کی زندگی خطرے میں رہتی ہے۔علاوہ ازیں، یہ بھی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ نوجوان بائیک سوار بغیر لائسنس اور بغیر کاغذات کے بائیک چلاتے ہیں۔کشتواڑ پولیس نے ان شکایا ت پر کاروائی کرتے ہوئے قصبہ میں مختلف مقامات پر ناکہ لگائے اور 06افراد کو گرفتار کرکے 30 بائکوں کو ضبط کیا گیا اور کئی کے خلاف چالان کیا گیا۔اس سلسلہ میں پولیس نے مسرت بشیر ولد بشیر احمد ساکنہ لائنی کشتواڑ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 28/2018، ارون سنگھ ولد رمیش سنگھ ساکنہ ڈول کے خلا ف ایف آئی آر نمبر 28/2018،غلام مجتبیٰ ولد بشیر احمد ساکنہ ناگیسنی کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 31/3018،چندر شیکھر ولد موہن لعل ساکنہ سوہول ،پاڈر کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 32/2018 اور عاقب جاوید ولد جاوید اقبال ساکنہ پوہی کشتواڑ کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 27/2018 درج کیا گیا ۔ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کشتواڑ انسپکٹر سمیر جیلانی ا ورڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نہار رنجن نے زیر نگرانی و ہدایات ضلع ایس پی ابرار چودھری کی قیادت میں گرفتاریاں اور ضبطگیاں عمل میں لائیں۔ضلع ایس پی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو صلاح دیں کہ وہ بائیکوں پرسوار ہونے کے دوران اچھا برتائو کریں کیونکہ پولیس ناشائستہ بتائو کرنے کی وجہ سے انکے خلاف کئی چلان کئے ہیں اور گرفتاری بھی عمل میں لائی ہے۔