سرینگر// ٹریفک پولیس نے وادی کے دیہی علاقوں میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اگرچہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں سے 14 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور جرمانہ وصول کی ہے تاہم اس عرصے میں صرف70ہزار روپے کی رقم ٹریفک آگاہی پروگراموں پر صرف ہوئی،جس سے ٹریفک جانکاری پروگراموں کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ وادی میں جہاں ٹریفک حادثاث کے گراف میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان حادثات پر قابو پانے کیلئے سرکاری سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سال 2020میں دیہی کشمیر میں ٹریفک آگاہی پروگراموں کیلئے محکمہ کو کوئی بھی رقم واگزار نہیں کی گئی۔ سماجی کارکن ایم ایم شجاع کی جانب سے حق اطلاعات قانون کے تحت حاصل کی گئی جانکاری میں ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ دیہی کشمیر میں مارچ 2016 سے مارچ 2021 تک 14 کروڈ 10 لاکھ 33 ہزار 256روپے کا جرمانہ ٹریفک قوانین کی حکم عدولی کرنے والوں سے وصول کیا گیا، تاہم گزشتہ برس صرف90آگاہی پروگرام منعقد کرائے گئے۔ دستاویزات کے مطابق سال2017-18میں ٹریفک آگاہی پروگرام کیلئے محض 60 ہزار روپے کی رقم خرچ ہوئی اور 2019-20 میں صرف10ہزار روپے کی رقم آگاہی پروگراموں پر صرف کی گئی،تاہم مالی سال 2018-19 اور سال 2020-21 میں کوئی بھی رقم خرچ نہیں کی گئی۔ ایس ایس پی ٹریفک پولیس ررول کشمیر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں کہا گیا ہے کہ سال 2016 سے لیکر مارچ 2021 تک وادی کے مختلف اسسٹنٹ علاقائی ٹرانسپورٹ دفاتر سے مل کر مشترکہ طور پر110ٹریفک جانکاری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ اسکولوں میں ڈرائیوروں اور راہگیروں کیلئے ٹریفک بیداری پروگراموں کا بھی انعقاد کیا گیا،جبکہ سڑک ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ حق اطلاعات و بشری حقوق کارکن ایم ایم شجاع نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ5برسوں کے دوران دیہی کشمیر میں14کروڑ روپے سے زائد جرمانہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے وصول کیا گیا اور محض70ہزار روپے کی رقم آگاہی پروگراموں پر صرف کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا’’ جرمانہ خزانہ بھرنے کیلئے نہیں بلکہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی، معلومات، ڈرائیوروں کی کونسلنگ، بیداری اور حادثات کو کم کرنے پر صرف کیا جانا چاہے،تاہم گزشتہ 5برسوں کی جو تصویر سامنے آرہی ہے،وہ اس لحاظ سے بھیانک ہے کہ14کروڑ روپے جرمانہ وصولنے کے باوجود صرف 70ہزار روپے کی رقم خرچ کی گئی‘‘۔محکمہ ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ رورل کشمیر میں مجموعی طور پر282ٹریفک پولیس افسراں و اہلکاروں کے علاوہ104ایس پی ائوز بشمول مختلف اضلاع منسلک اہلکار فی الوقت رورل کشمیر ما سوائے سرینگر کے ٹریفک ضوابط عملانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ5برسوں کے دوران دیہی کشمیر میں ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران954افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اس دوران محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں ٹریفک نظام کو استوار کرنے کیلئے پولیس ہیڈ کواٹر کو زیر غور لانے کیلئے کئی پروجیکٹ روانہ کئے گئے ہیں۔