ٹرک پل کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرائی | کنڈیکٹر لقمہ اجل ،ڈرائیور شدیدزخمی

ایم ایم پرویز

رام بن//منگل کو سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے کیلاموڑ علاقے ٹنل ٹی 1کے قریب ایک پل کی ریلنگ سے ٹرک کے ٹکرانے سے ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک تیز رفتار ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK05E-6137 جموں جاتے ہوئے ٹنل T1، کیلاموڑ پر واقع ایک پل کی گارڈ ریلنگ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ٹرک کا کنڈیکٹر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی رضاکاروں کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سخت کوششوں کے بعد ٹرک کے بری طرح سے ملے ہوئے کیبن سے ایک زخمی اور ایک شخص کی لاش کو نکال کر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا۔بعد ازاں پولیس نے ٹرک کے متوفی کنڈیکٹر کی شناخت ساحل احمد خان ولد محمد اکبر خان ساکنہ بونیار ضلع بارہمولہ، کشمیر کے طور کی۔پولیس نے زخمی ڈرائیور کی شناخت عابد رشید ولد عبدالرشید ساکن وشکورہ، تحصیل و ضلع بارہمولہ، کشمیر کے طور پر کی ہے جسے علاج کے لیے ضلع ہسپتال رام بن میں داخل کرایا گیا ہے۔ضلع ہسپتال میں اس کا علاج کر رہے ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی کی حالت مستحکم ہے۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن رام بن انسپکٹر وجے کوتوال نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متوفی کی لاش کو ضلع ہسپتال میں پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے بعد قانونی ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر نمبر 188 برائے 2024 زیردفعہ 281/106 بی این ایس کے تحت مزید تفتیش کے لیے پولیس سٹیشن رام بن میں درج کیا گیا ہے۔دریں اثناء قومی شاہراہ 44 پر رام بن کے کیلاموڑ میں ریسکیو آپریشن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کچھ دیرکیلئے درہم برہم رہی۔