عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز ٹاٹا موٹرز کے لکھنؤ پلانٹ میں تیار ہوئی 10 لاکھویں گاڑی کو ہری جھنڈی دکھائی اور اسے ریاست کی صنعتی ترقی کا ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ریاست کو عالمی مینوفیکچرنگ ہب بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے یا گروپ کی مضبوطی کے لیے بیرونی عناصر کی مداخلت سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”بگاڑنے والے بہت ملتے ہیں، لیکن بنانے والے بہت کم ہوتے ہیں،” اس لیے ہر ملازم کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنظیم کو خاندان کی طرح سمجھے اور اس کے اتحاد و اعتماد کو برقرار رکھے۔وزیر اعلیٰ نے کام کے کلچر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی ٹیم ورک، ایمانداری اور شکر گزاری پر مبنی ہوتی ہے۔ ہر ملازم کو اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن کے ساتھ نبھانا چاہیے، کیونکہ یہی جذبہ طویل مدتی ترقی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے ٹاٹا گروپ کے ورک کلچر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ اپنے ملازموں کے ساتھ خاندانی تعلقات قائم کرتا ہے، جو اس کی کامیابی کی بڑی بنیاد ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 34 برسوں کے سفر کے بعد 10 لاکھویں بس کی تیاری محض ایک صنعتی کامیابی نہیں ہے بلکہ اتر پردیش کی ”تاریخی پرواز” کا لانچ پیڈ ہے۔