راجا ارشاد احمد
گاندربل //مرکزی حکومت کے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے مرکزی بجٹ سے قبل سماج میں موجود تمام طبقات سے مشاورت کی ہے تاکہ عوام کے سامنے عوام دوست بجٹ پیش کیا جائے ۔ان باتوں کا اظہار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول نے گاندربل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے متعلق معاملات پر سماج کے مختلف طبقوں سے مشاورت کی گئی۔ 6 یا 7 فروری کو پیش کیے جانے والے جموں و کشمیر کے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کول نے کہا کہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ بھی وسیع مشاورت کر رہے ہیں۔اس سے قبل ایک ضلعی سطح کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اشوک کول نے روزگار اور آجویکا مشن – گرامین کے لئے گارنٹی بل کا پرزور دفاع کرتے ہوئے اسے ایک تبدیلی، غریب نواز پہل قرار دیا جس کا مقصد دیہی ہندوستان کو بااختیار بنانا اور کئی دہائیوں کی اقتصادی نظراندازی کو ختم کرنا ہے۔کول نے بل کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی بعض سیاسی قوتوں کی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ VB GRAM-G روزگار پیدا کرنے، دیہی بااختیار بنانے اور جامع ترقی کی طرف ایک تاریخی قدم ہے، جو خاص طور پر مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔