راجوری//ویئر ہائوس کیلئے 50لاکھ روپے دینے پر بیوپار منڈل راجوری نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیاہے ۔ پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیوپا ر منڈل کے ارکان نے کہاکہ تاجر برادری کی دیرینہ مانگ کو پورا کرکے وزیر اعلیٰ نے ایک بڑا اقدام کیاہے ۔ بیوپار منڈل صدر بٹوشاہ نے کہا کہ کل جب راجوری بیوپار منڈل کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہواتو انہوں نے اپنے مطالبات رکھتے ہوئے ویئر ہائوس کا بھی مطالبہ رکھا جو ان کی طرف سے ایک دیرینہ مانگ تھی اوروزیر اعلیٰ نے اس مطالبے پر فوری اقدام کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری سے زمین کی دستیابی سے متعلق پوچھاجس پر ڈی سی نے زمین فراہم کرنے کی حامی بھری اور موقعہ پر ہی وزیر اعلیٰ نے پچاس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے کیلئے راجوری کی تاجر برادری وزیر اعلیٰ کی مشکور ہے جنہوںنے ایک دیرینہ مانگ پوری کی ہے جس کو حکام نے نظرانداز ہی کردیاتھا ۔نائب صدر بیوپار منڈی طاہر لون نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلیٰ کی طرف سے اس طرح کا پروگرام منعقد کرکے عوام کے مطالبات سنے گئے ہیں اور موقعہ پر ہی منظوری بھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس کے لئے وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری کا تہہ دل سے شکر گزارہے ۔ طاہر لون نے مزید کہا کہ ویئر ہائوس تعمیر کئے جانے سے کئی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوی سے اپیل کرتے ہوئے کہ اب وہ اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سرعت سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔