عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی؛ پی ایم اواور ایٹمی توانائی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ’’وکشت بھارت سنکلپ یاترا‘‘ کے حصہ دار بنیںکیونکہ یہ یاترا ذہنیت اور زندگی کو بدلنے میں ایک اہم رول ادا کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب بااختیار بنایا جا رہا ہے اور وکشت بھارت سنکلپ یاترا وین کے ذریعے ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی سے ان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔وزیرموصوف جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں آریہ سماج کے زیراہتمام MHSDAV سینئر سیکنڈری اسکول میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے ذریعے یوٹی کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کی ذات، رنگ یا نسل سے قطع نظر فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ سماج کے وہ طبقے جنہیں نظر انداز کیا گیا وہ اب سرکاری اسکیموں کے مستفید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم سواندھی اسکیم کے تحت اسٹریٹ وینڈرز کو فراہم کئے جانے والے قرضوں نے انہیں وقار کے ساتھ اور پائیدار طریقے سے اپنی روزی روٹی کمانے کے قابل بنایا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اعلان کیا کہ کٹھوعہ کو نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ ملک کے دیگر حصوں کے لئے ایک ماڈل ضلع بنانے کے لئے کئی محاذوں پر ترقی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پچھلے دس سالوں میں ادھم پور- کٹھوعہ حلقہ کی طرح کسی اور حلقے نے ہمہ گیر ترقی نہیں دیکھی۔ ڈاکٹر سنگھ نے اعلان کیا کہ مچھلی کی کھیتی کی حوصلہ افزائی کیلئے منصوبے جاری ہیں تاکہ یہ مشہور ٹراؤٹ اقسام کے برآمدی مرکز کے طور پر ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور دہلی سمیت ریاستوں میں تیز رفتار اور پریشانی سے پاک سفر کے لئے ضلع کے اندر اور باہر سڑک کے رابطے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہندوستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے اور ہر پیشے میں تیزی سے قائدانہ کردار سنبھال رہی ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ گورنمنٹ ڈگری کالج کٹھوعہ میں خواتین پر کام کی جگہ مسائل اور چیلنجز پر ایک سمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے۔ نوجوانوں سے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ قابل عمل ماحول سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی امنگوں کو سمجھیں۔اس سلسلے میں انہوں نے نیشنل ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) کا ذکر کیا جس نے طلباء کے لئے اپنی اہلیت کی بنیاد پر مضامین کا انتخاب ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی کا درست استعمال کریں۔وزیر موصوف نے طلباء سے یہ بھی کہا کہ وہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے وزیر اعظم مودی کے وژن کو عملی جامہ پہنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے خود کو اٹھایا ہے۔