یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی کو روزمرہ کی ضروریات کے لئے جدوجہد سے باہر نکالنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ غریب، کسان، خواتین اور نوجوان اگر یہ چار ذاتیں مضبوط ہوں گی، توہندوستان مضبوط ہوجائے گا۔مودی نے یہاں وکست بھارت سنکلپ یاترا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2-3 دن پہلے ہی یاترا نے اپنے 50 دن مکمل کیے ہیں۔ اس عرصے میں 11 کروڑ لوگوں کا جڑنا، یہ اپنے آپ میں بے مثال ہے ۔ حکومت خود معاشرے کے آخری فرد تک پہنچ کر اسے اپنی اسکیموں سے جوڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا، “وکست بھارت سنکلپ یاترا نہ صرف حکومت کی بلکہ ملک کے خوابوں کی، قراردادوں اور اعتماد کی یاترا بن گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک کا ہر علاقہ، ہر خاندان اپنے بہتر مستقبل کی امیدکے طورپرمودی کی گارنٹی والی گاڑی دیکھ رہا ہے ۔ اس یاترا کے تعلق سے گاؤں ہو یا شہر، ہر جگہ امنگ ہے ، جوش اور یقین ہے ۔ ملک کے ہرکونے میں مودی کی گارنٹی والی گاڑی پہنچ رہی ہے ۔ جن غریب لوگوں کی زندگی سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنے کے انتظار میں گزر گئی، وہ آج ایک معنی خیز تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا،‘‘ کس نے سوچا تھا کہ کبھی سرکاری ملازم، سرکاری افسر، یہ بابو اور یہ لیڈران خود غریب کے دروازے پر پہنچ کر پوچھیں گے کہ آپ کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ ملا یا نہیں۔ لیکن اب یہ پوری ایمانداری کے ساتھ ہورہا ہے ۔ مودی کی گارنٹی والی گاڑی کے ساتھ، سرکاری دفتر،عوامی نمائندے ، ملک کے باشندوں کے پاس، ان کے گاؤں محلے پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہمارے ملک میں بہت سی نسلوں نے سہولت کی کمی میں زندگی گزاری ہے ، ادھورے خوابوں کے ساتھ زندگی مکمل کی ہے ، انہوں نے اس کمی کو اپنی قسمت تسلیم کیا اور اسی غربت کی زندگی گزارنے کے لئے مجبور رہے ۔