یو این آئی
نئی دہلی//وقف (ترمیمی)بل پر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے درمیان اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ یہ ترمیم سیاست کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے اصلاحات کے مقصد کے لیے لائی گئی ہے۔ رجیجو نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کا وقف بورڈ میں اصلاحات کے سلسلے میں ایک انگریزی روزنامے میں شائع ایک مضمون کو شیئر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔اقلیتی امور کے وزیر نے کہا’’یہ بل منصفانہ، شفافیت اور جامعیت کی طرف ایک قدم ہے۔ یہ یقینی بناتا ہے کہ وقف املاک صحیح معنوں میں عام مسلم کمیونٹی کی خدمت کرے، یہاں تک کہ وقف بورڈ میں نمائندگی کے ذریعے مسلم خواتین کو بھی بااختیار بنائے۔ انصاف کے لیے اصلاحات، سیاست نہیں! کوثر جہاں، چیئرپرسن، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا یہ معلوماتی مضمون پڑھیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں وقف ترمیمی بل کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کر رہی ہیں کہ اس کے ذریعے حکومت وقف بورڈ کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔