سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/جموں و کشمیر وقف بورڈ نے یوم جمہوریہ کو وقف دفتر جموں میں بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔ قومی پرچم وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے لہرایا۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری جناب اشوک کول نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی نمایاں تبدیلی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ تنظیم کبھی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی لیکن اب یہ پیشہ ورانہ طور پر منظم ادارے کے طور پر ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے ریونیو جنریشن، وقف املاک کے موثر انتظام اور عوامی بہبود کے لیے وسائل کے استعمال میں خاطر خواہ بہتری دیکھی ہے۔ درگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن، ضروری سہولیات کی ترقی اور عقیدت مندوں کے لیے وقار، صفائی اور سہولت کو یقینی بنانے پر بڑا زور دیا گیا ہے- ڈاکٹر اندرابی نے مزید روشنی ڈالی کہ اس مدت کے دوران، وقف بورڈ نے شفافیت کو مضبوط کیا ہے، انتظامیہ کے طریقوں کو بہتر بنایا ہے، عملے کی بہبود میں اضافہ کیا ہے، اور ترقی پر مبنی پروجیکٹس شروع کیے ہیں جن کا مقصد مذہبی ورثے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ احتساب اور خدمات کی فراہمی پر نئی توجہ نے ادارے پر عوام کا اعتماد بحال کیا ہے۔تقریب میں سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مختلف زمروں میں انعامات سے نوازا گیا۔