سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو حضرت میر سید علی ہمدانی ؒ جو شاہِ ہمدان کے نام سے ریاستی عوام میں مقبول ہیں کے سالانہ عرس کے موقعہ پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام تعلیمی ، سماجی اور دیگر انسانی خدمات اور دیگر وسائل کے ذریعے صحیح راستے کی طرف رہنمائی کرنے کیلئے حضرت شاہ ہمدان ؒ کے مقروض ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام اس عظیم صوفی کے مختلف ہُنر ، دستکاریوں ، پکوان اور ایک لا مثال ثقافت سے یہاں کے لوگوں کو روشناس کرانے کیلئے بھی اس عظیم شخصیت کے مشکور ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے اُمید ظاہر کی کہ عرس مبارک ریاستی عوام کیلئے خوشحالی ، بہبودی و امن و آشتی کا پیامبر بن کر آئے گا ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے حضرت شاہِ ہمدان ؒ کی زیارت گاہ واقع خانقاہِ معلیٰ سرینگر پر حاضری دی ۔ انہوں نے زیارت گاہ پر شب خوانی وغیرہ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا اور عقیدت مندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے اُن سے آراء طلب کی ۔ محبوبہ مفتی جو کہ جموں کشمیر وقف بورڈ کی چئیر پرسن بھی ہیں نے زیارت گاہ کی توسیع کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے توسیع منصوبے کے تحت نشاندہی کئے گئے ڈھانچوں کے حصول کی بھی ہدایت دی اور زیارت گاہ کے وسط میں لگائے گئے فوارے کو چالو کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زیارت گاہ پر رنگین قمقمے نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے جہلم کے کناروں کی دیدہ زیبی کی بھی ہدایت دی اور زیارت گاہ تک آبی ٹرانسپورٹ میں معین مدت کے اندر اضافہ کرنے کیلئے کہا ۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ رُکنِ کونسل خورشید عالم ، آئی جی پی کشمیر زون ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ، چیف انجینئران تعمیراتِ عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران تھے ۔دریں اثنا وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق احمد اندرابی نے ریاستی عوام کو عرسِ شاہ ہمدان ؒ کی مبارکباد پیش کی۔ اپنے ایک مبارکبادی پیغام میں اندرابی نے کہا کہ شاہ ہمدان نے کشمیری عوام کی اخلاقی روحانی و معاشی ترقی کیلئے لامثال خدمات انجام دی ہے ۔