عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ثقافتی سفارت کاری کے ایک اہم سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو وادی کے عالمی شہرت یافتہ’ریڈ گولڈ‘یعنی کشمیری زعفران تحفے میں پیش کیا۔ جغرافیائی اشارے (GI) ٹیگ کی پشت پناہی اور ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ (ODOP) اقدام کے تحت زعفران کو نمایاں کیا گیا۔ کشمیری زعفران خطے کے ورثے اور صدیوں پرانی کھیتی کی روایت کا ثبوت ہے۔پلوامہ اور پانپور کی زعفرانی پٹی کے کسانوں نے بے حد فخر کا اظہار کیا ہے اور اس اشارہ کو ایک ایسا لمحہ قرار دیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیر کی زرعی شناخت کو بلند کرتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے زعفران کی ساکھ دنیا کے سب سے خالص اور قیمتی ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔یہ فصل ان ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی بنی ہوئی ہے ۔کشمیری زعفران وادی کی فطری پاکیزگی کی علامت بنا ہوا ہے جو اب عالمی سفارتی تبادلے کی اعلیٰ ترین سطحوں پر پہنچ رہا ہے۔