یو این آئی
نئی دہلی//حکومت نے منگل کے روز راجیہ سبھا میں بتایا کہ ’’پی ایم سوریا گھر: مفت بجلی یوجنا‘‘ کے تحت ملک بھر میں مستفید ہونے والے 24.35 لاکھ خاندانوں میں سے 7.7 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کا بجلی کا بل صفر ہو گیا ہے۔مرکزی حکومت نے رہائشی شعبے میں مالی سال 2026-27 تک ایک کروڑ خاندانوں کے گھروں پر روف ٹاپ سولر (آر ٹی ایس) لگانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے مقصد سے فروری 2024 میں 75,021 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ پی ایم سوریا گھر یوجنا کا آغاز کیا تھا۔نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیرِ مملکت شری پاد ییسو نائک نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ 9 دسمبر 2025 تک، ملک بھر میں مجموعی طور پر 19,45,758 روف ٹاپ سولر نظام نصب کیے جا چکے ہیں، جن سے 24,35,196 خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ ان کے جواب کے مطابق، اس یوجنا کے تحت 7,71,580 خاندانوں کا بجلی کا بل صفر آیا ہے۔