حقوق جنگلات مسائل کرنیکی ہدایت،لوگوں کے مسائل سُنے، جلد ازالے پرزور دیا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے بڑی براہمناں سانبہ میں جل شکتی اور جنگلات و ماحولیات کے محکموں کے افسران کے ساتھ ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں ۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے ایک فعال اور جوابدہ طریقہ اختیار کریں ۔ رانا نے اس بات پر زور دیا کہ افسران کو عوام کے لئے قابلِ رسائی رہنا چاہئیے اور خدمات کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔
محکمہ جل شکتی سے متعلق معاملات پر وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں تمام بستیوں خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے زیر التوا واٹر سپلائی سکیموں کو جلد مکمل کرنے پر شزور دیا اور ہدایت دی کہ ناکارہ پائپ لائینز ، ہینڈ پمپس اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو ترجیحی بنیادوں پر مرمت کر کے بحال کیا جائے ۔ محکمہ جنگلات و ماحولیات کے حوالے سےرانا نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری سبز اقدامات پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ، جنگلات کے حقوق کے زیر التوا مقدمات کے حل کو تیز کریں اور جنگلات پر منحصر کمیونٹیز کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ریونیو اور قبائلی امور کے حکام کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی ویلفئیر کو ساتھ ساتھ چلنا چاہئیے ۔ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر خصوصی زور دینے کے ساتھ ضلع کے ترقیاتی روڈ میپ کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ پر عمل آوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹینڈرنگ ، منظوری اور زمین پر عملدرآمد کو تیز رفتار اور وقت کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کرنا لازمی ہے اور معیار اور شفافیت پر کسی بھی مرحلے پر سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئیے ۔ قبل ازیں وزیر موصوف نے بڑی براہمناں میں ایک عوامی تعامل کا پروگرام منعقد کیا جس میں ضلع کے مختلف علاقوں کے مقامی باشندوں م عوامی نمائندوں کی شکایات اور ترقیاتی خدشات سُنے ۔ وفود نے پینے کے پانی کی فراہمی ، جنگلات کے حقوق کے زیر التوا دعوؤں ، روز گار ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بنیادی سہولیات تک رسائی سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا ۔ رانا نے وفود کو یقین دلایا کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کے بروقت ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کو بھیجی جائیں گی ۔