عظمیٰ نیوزسروس
جموں// اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو)، کرائم برانچ جموں نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سات برس سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایف آئی آر نمبر 21/2019میں نامزد تھا۔ مذکورہ مقدمہ کرائم برانچ پولیس اسٹیشن جموں میں تعزیراتِ ریاست جموں و کشمیر (آر پی سی) کی دفعات 420 اور 120۔بی کے تحت درج کیا گیا تھا۔گرفتار شدہ ملزم کی شناخت ریاض احمد متو ولد غلام نبی متو، ساکن صادق کدل، رعناواری، سری نگر اور حال مقیم وچار نگر، نوشہرہ، صورہ، سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔کرائم برانچ کے مطابق ملزم گزشتہ سات برس سے گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر رہا تھا۔
وہ سری نگر، دہلی اور ملک کے دیگر علاقوں میں مختلف مقامات پر رہائش اختیار کر کے اپنی شناخت اور موجودگی کو خفیہ رکھتا تھا تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکے۔مخصوص خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کے بعد ایس ایس پی اقتصادی جرائم ونگ، کرائم برانچ جموں کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔خصوصی ٹیم نے طویل عرصے تک زمینی سطح پر کارروائیاں جاری رکھیں اور آخرکار سری نگر کے اندرونی علاقے میں ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔کرائم برانچ کے حکام نے کہا کہ طویل عرصے سے مفرور ملزم کی گرفتاری ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان خواہ ملک کے کسی بھی حصے میں چھپنے کی کوشش کریں، قانون سے فرار ممکن نہیں۔حکام کے مطابق اس گرفتاری کے ساتھ ہی دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث ایک گروہ کا بھی پردہ فاش ہوا ہے۔اس مقدمے میں دو ملزمان کے خلاف ابتدائی چارج شیٹ پہلے ہی عدالت جے ایم آئی سی (سب جج)، جموں میں پیش کی جا چکی تھی، جبکہ گرفتار ملزم مسلسل مفرور تھا اور گرفتاری سے بچتا پھر رہا تھا۔کرائم برانچ نے بتایا کہ مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔